حکومت نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے دائرہ اختیار کو بڑھا دیا ہے، ڈی سی مظفرگڑھ
مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنرانجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ماہ صیام کے دوران پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے اشیاء خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عملی اقدامات کرنا ہونگے مقرر کردہ قیمتوں سے زائد منافع حاصل کرنے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے بھاری جرمانے کئے جائیں۔یہ بات انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے دائرہ اختیار کو بڑھا دیا ہے اب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موقع پر ہی سزا بھی سنا سکتے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے دکاندار کو سیدھا جیل بھیج سکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں مجسٹریٹس کی تعداد بھی بڑھادی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی اور خود ساختہ مہنگائی کی وجہ سے غریب طبقہ پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کا مقصد غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے، دکاندار ماہ صیام میں معاشرے کے غریب لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے اشیاء خوردونوش پرکم سے کم منافع رکھیں تاکہ غریب لوگ اس سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے تحصیلوں کی اسسٹنٹ کمشنران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ سبزی منڈی کا معائنہ کریں اور سبزی اور پھلوں کی قیمتوں کی پڑتال کریں۔
انہوں نے دکانداروں کو بھی ہدایت کی کہ مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق صارفین کو معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جام آفتاب، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد یوسف الرحمان سمیت مختلف علاقوں کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔