شجر کاری مہم کے دوران صنعتی یونٹس میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے،ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 12 اگست2020ء) ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر غلام شبیر کلیار نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی سے جہاں انسان کی زندگی سہل ہوگئی ہے وہاں صنعتوں سے خارج ہونے والے ایندھن ماحولیاتی آلودگی کا سبب بھی بنتا ہے، ماحولیاتی آلودگی کا قدرتی حل زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی10بلین ٹری کے تحت ضلع کے مختلف صنعتی یونٹس میں شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ درخت زمین کا زیور ہیں جو ہمیں نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے بچاتی ہیں بلکہ ہمارے لیے آکسیجن بھی فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری کی اس 3روزہ مہم کے دوران صنعتی یونٹس میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے گی۔ انہوں نے مدینہ جیوٹ ملز میں پھلدار پودے لگائے۔اس موقع پر لیبر آفیسر شاہد حسین، فنانس منیجرمدینہ ملز سید غضنفر مہدی بھی موجود تھے۔