مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 مارچ2023ء) سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کا سرپرائز وزٹ کیا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تمام وارڈز چیک کئے اور تمام شعبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہسپتال میں ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے ڈاکٹرز کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں ملنے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال کی صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اسے اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برسوں کے مقابلہ میں ہسپتال کی موجودہ صورتحال بہت بہتر ہے اور وہ اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد اجمل،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد رضا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ضیاءانجم ان کے ہمراہ تھے۔