مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 مارچ2020ء) مظفرگڑھ کے کسانوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مظفرگڑھ ضلع کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔کسانوں کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں بارشوں کے حالیہ سلسلے نے تباہی کر دی ہے، شدید بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے گندم کی تیار فصل بٴْری طرح سے متاثر ہوئی ہے رنگپور، محمودکوٹ، شاھجمال، چوک قریشی اور دیگر علاقوں کے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ بارشوں، تیز ہوا کے جھکڑوں اور ژالہ باری سے ان کی گندم کی فصل تباہ ہو گئی ہے۔10،15 ایکڑ والے چھوٹے زمیندار زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری اراضی پر گندم کاشت کی ہوئی تھی جو تباہ ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فصل کاشت کرنے کیلئے زرعی بینک سے قرض لیتے ہیں اور کھاد، بیج اور سپرے کیلئے زرعی ادویات بھی ادھار پر لیتے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کے زرعی قرضے،آبیانہ اور مالیہ معاف کیا جائے اور آئندہ فصل کی کاشت کیلئے ان کو حکومت کی طرف سے امداد بھی دی جائے۔