اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور حکومت کے بروقت اقدامات سے آزادکشمیر کے اندر کورونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے،
مظفر آباد ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 مئی2020ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور حکومت کے بروقت اقدامات سے آزادکشمیر کے اندر کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ آزادکشمیر کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس وباء کے دوران حکومتی فیصلوں کی تائید کی اور ہمارا ساتھ دیا۔ہم نے مشاورت کے ذریعے تمام اقدامات اٹھائے اور پورے ملک کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے آزادکشمیر کے شہریوں کو درپیش مسائل وفاقی حکومت سے اٹھائے ہیں۔ آج سے پہلے مرحلہ میں رکشہ اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو امدادی پیکج ملنا شروع ہو جائیگا۔جبکہ باقی شعبوں کے متاثرین کی فہرستیں بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ہمیں کرونا سے بچنا ہے اور زندہ بھی رہنا ہے۔ مظفرآباد کی مرکزی مدینہ مارکیٹ میں مردوں کے لیے 08سے 12بجے ، خواتین کے لیے 12سے 04بجے کے اوقات کار کا تعین کر رہے ہیں تاکہ رش کم کیا جا سکے۔ مساجد کو بند نہیں کروا سکتے ۔ تمام مساجد میں ایس او پیزپر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس پر مساجد کی انتظامیہ اور علماء کرام مبارکباد کی مستحق ہے ۔کچھ شرپسند عناصر نے کرونا کے دروان فرقہ واریت پھیلانے کی ناکام کوشش کی۔عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کے دوران بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے جارحانہ اقدامات کانوٹس لے۔ اس ایوان سے ایک متفقہ ٹیلی گرام اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل او رایک متفقہ قرارداد حکومت پاکستان کو بھیجیں گے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ہونے والے آزادجموںو کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، قائد ایوان نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کے کرونا وائرس کے دوران اقدامات ایک شاندار مثال کی حیثیت رکھتے ہیں ہم نے باہمی مشاورت کے ساتھ اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت ہونے والے ویڈیو کانفرنس اجلا س میں بیرون ملک سے آنے والے آزادکشمیر کے شہریوں کو درپیش مسائل اٹھائے ہیں اور تجویز دی ہے کہ آزادکشمیر کے شہریوں کو کراچی کے بجائے اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتارا جائے ۔ کیونکہ ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے انہیں کراچی اپنے گھروں کو آنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل سے کروناوائرس کی رینڈم ٹیسٹنگ شروع کر رہے ہیں۔ جبکہ رکشہ ، سوزوکی،بس اور ویگن ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے لیے ریلیف پیکج کا آج سے آغا ز کیا جا رہا ہے۔ حجام اور بیوٹی پارلر کے شعبہ سے منسلک افراد کی فہرستیں بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ جنہیں ایک ہفتہ کے اندر اندر ریلیف فراہم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرونا سے خو د کو بھی محفوظ رکھنا ہے اور نظام زندگی بھی چلانا ہے ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر مودی کے اقدامات عالمی برادری کے نوٹس میں مزید بہتر انداز میں لائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مشترکہ طور پر کاوشیں کرنا ہونگی اور ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز پہنچانی ہو گی۔