مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو محمد حسین رانا نے ڈی پی او کوٹ ادو اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اجمل کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو میں بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر ان کی قیادت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے تھانہ چوک تک پولیو آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او اور سی ای او ہیلتھ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں جائیں گے،انہوں نے کہا کہ اس مقصد کےلئے ایک ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی، انہوں نے بچوں کے والدین سے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
کوٹ ادو کے نواحی علاقے دائرہ دین پناہ کے آر ایچ سی ہسپتال میں بھی پولیو واک کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد پولیو کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا جس کی قیادت ایم ایس ڈاکٹر ظفر اللہ ساحر، لیڈی ڈاکٹر راشدہ بانو اور پولیو ٹیموں نے شرکت کی،ایم ایس ڈاکٹر ساحر شمشاد نے اس موقع پر پولیو ویکسین کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین کے صرف 2 قطرے پلا کر بچوں کو عمر بھر کی معزوری سے بچایا جا سکتا ہے،انہوں نے والدین سے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔