سردار کوڑے خان پبلک سکول مظفرگڑھ کی پہچان ہے ،سید موسیٰ رضا

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 05 نومبر2021ء) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ سردار کوڑے خان پبلک سکول مظفرگڑھ کی پہچان ہے جو تعلیم کے میدان میں دیگر نجی تعلیمی اداروں کا مقابلہ کررہا ہے اور نمایاں نتائج کی بنیاد پر اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کررہا ہے، یہ سکول کے طلباء اور ان کے اساتذہ کی محنت کا ثمر ہے کہ سکول کے طلباء طالبات نے 100فیصد نمبر حاصل کئے جو مبارک باد کے مستحق ہیں۔

یہ بات انہوں نے سردار کوڑے خان پبلک سکول کے ان طلباء وطالبات جنہوں میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں 100فی صداور 1000سے زائد نمبر حاصل کئے کے اعزازمیں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ یہ طلباء اور یہ سکول ہمارا فخر ہے۔ ا سکی کامیابی اور بہتری کیلئے ہر قسم کی معاونت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایک ٹیم ورک کی بدولت ہے یہ ٹیم ورک جاری رہنا چاہیے۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب سردار کوڑے خان سکول میں داخلہ ہر بچے کی خواہش ہوگی۔ اس موقع پر پرنسپل سردار کوڑے خان سکول نے بتایا کہ سکول ہذا کے 8طالب علموں نے میڑک کے امتحان میں 1100نمبر حاصل کئے جن میں 5طالبات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 136طالب علموں نے 1000ہزار سے زائد نمبر حاصل کیے جن میں 75طالبات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انٹر کے امتحانات میں ایک طالب علم نے 1094نمبر حاصل کئے جبکہ 21طالب علموں نے 1000 سے زائد نمبر حاصل کئے ہیں۔ 

جن میں 11طالبات شامل ہیں۔تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب جام آفتاب حسین، پرنسپل کوڑے خان پبلک سکول طاہر بشیر، پرنسپل کامرس کالج اظہر حسین چانڈیہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز کبریٰ بانو، صدر ڈسٹرکٹ بار عبدالقیوم دستی، سول سوسائٹی سے ملک خیر محمد بدھ، انجمن تاجران سے سید امیر حسین، ملک جاوید اختر، شیخ عامر سلیم،والدین، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں سکول کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔