مظفر گڑھ میں حاملہ خاتون کو برہنہ کرنے والے ملزمان گرفتار کر لیے گئے

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 26 اگست2021ء) جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں حاملہ خاتون کو بیچ سڑک پر شوہر کے سامنے برہنہ کرکے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔مظفر گڑھ پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان بلال اور عبدالعزیز کو گرفتار کر لیا گیا۔مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان یکم ستمبر تک ضمانت پر تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان بلال اور عبدالعزیز کے علاوہ دو نامعلوم افراد کے خلاف ایک اور مقدمہ تھانہ محمود کوٹ میں درج ہے۔

مظفر گڑھ پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد پانچواں ملزم عبدالرازق تاحال ضمانت پر ہے۔گذشتہ روز مظفر گڑھ میں 8 اگست کو خاتون کو بیچ سڑک پر شوہر کے سامنے بے لباس کرنے کے کیس میں پولیس نے گرفتار ملزمان سے خاتون کے پھٹے ہوئے کپڑے برآمد کئے تھے۔

مظفر گڑھ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان خاتون کو برہنہ کر کے اس کے کپڑے ساتھ لے گئے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق زیادتی کیس میں خاتون کے بھائی کی گرفتاری کے باوجود ملزمان نے شرمناک حرکت کی۔

 

متاثرہ خاندان کی جانب سے 22 اگست کو وزیرِ اعظم عمران خان کو لکھی گئی درخواست بھی سامنے آ گئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 15 اگست کو ڈی ایس پی کوٹ ادو کے سامنے پیش ہونے کے لیے بلایا گیا تھا، تھانہ محمود کوٹ گئے تو ملزمان کو ریلیف دینے کے لیے ہم پر دبائوڈالا گیا۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ بات نہ مانی گئی تو 5 گھنٹوں تک تھانے میں بند کر کے تشدد کیا گیا، انکوائری میں دھمکایا جاتا رہا ہے کہ 3 ملزمان کو بے گناہ قرار دو۔ 

مظفر گڑھ پولیس کے مطابق دونوں فریقین میں متوقع جھگڑے کی مصدقہ رپورٹس موصول ہوئی تھیں، متاثرہ خاتون کے 17 اور مخالف کے 23 افراد کو چند گھنٹوں کے لیے تھانوں میں بند بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ 8 اگست کو مظفرگڑھ کے علاقے ٹھٹھہ گورمانی میں خاتون کو سڑک پر بے لباس کیا گیا تھا۔