طلباء وطالبات کو جنرل تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت بھی کی جائے، ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 26 اگست2021ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ اساتذہ طلباء وطالبات کو جنرل تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ معاشرتی برائیوں سے دور رہیں اور ایک اچھے شہری ثابت ہوں، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے دفتر میں چیف ایگزیکٹیو آفیسرسید کوثر بخاری سمیت محکمہ تعلیم کے افسران سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ طلبا ء وطالبات کو دینی تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ان میں وطن کی محبت پیدا کی جائے جس کیلئے ہر طالب علم کو قومی ترانہ یا د ہونا چاہیے اس کیلئے ہر کلاس انچارج روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ ساتھ قومی ترانے کی ادائیگی کوبھی یقینی بنائیں،اس کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کے لیے ہم نصابی اور غیر ہم نصابی سر گرمیوں میں طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے محکمہ تعلیم سے متعلقہ مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں داخلے کے ہدف کو مکمل کرنا ضلع کے لئے باعث اعزاز ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث حکومت کی طرف جاری کردہ احکامات پرمن وعن عمل کیا جائے۔اساتذہ اور 17سال تک کے عمر کے تمام طلباء کی ویکسین نیشن یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔