حکومتی پرائس لسٹ سے زائد اشیاء خوردونوش کی قیمتیں وصول کرنے والے خود کو حوالات میں سمجھیں، ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 26 اگست2021ء) ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ انجنئیر امجد شعیب ترین   علی پور کا دورہ کیا ،  اس دورہ کے دوران ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں لوگوں کے مسائل سنے اور ان مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ آفیسران کو ہدایات جاری کیں، اس کے بعد ڈی سی مظفر گڑھ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر مبین احسن کے ہمراہ شہر کی مارکیٹوں کا دورہ کیا گیا جہاں پر ڈی سی نے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں چیک کیں اور حکومتی ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے والے دو دکانداروں کو گرفتار کروا کر تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ۔

اس کے علاوہ ڈی سی امجد شعیب ترین نے علی پور میں قائم ہونے والے محکمہ مال کے مرکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر موجود عملہ سے گفتگو کی اور   انتقالات اراضی اور جاری ہونے والی مختلف فردوں کی تفصیلات چیک کیں۔

اس کے بعد ڈی سی مظفر گڑھ نے علی پور مائنر، مڈ والا مائنر، اور دیگر مختلف نہروں کا دورہ کیا اور ٹیل کے کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور انکے مسائل سنے اور پانی چوری کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کے عظم کا اعادہ کیا۔

 

ڈپٹی کمشنر امجد شعیب ترین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی پور کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سہرا اور اسسٹنٹ کمشنر علی پور کو شاباش دی۔ اس موقع پر ڈی سی مظفر گڑھ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر ضلع مظفرگڑہ کے دیہاتی علاقوں میں لوگوں کو انکی دہلیز پر زرعی انتقالات کی سہولیات دینے کے لئے 23 دیہی مراکز مال قائم کردیے گئے ہیں اور ان مراکز پر ہی اراضی کے انتقالات کی شروعات ہوچکی ہے عوام کو یہ سہولیات انکے موضع میں ملنے سے ایک تو سفری مشکلات سے لوگ بچ رہے ہیں دوسرا یہ کہ دوسرے اراضی ریکارڈ سنٹرز پر بوجھ بھی کم ہوگیا ہے ، ڈی سی مظفر گڑھ نے علی پور کے مین داخلی راستہ پر موجود کلمہ چوک کی تزائین و آرائش کے حوالے سے بھی اعلان کیا اور اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کو 15 دن کے اندر کام مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔