گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ
مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ماہ صیام میں معیاری اشیاء خوردونوش کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کے لیے تمام وسائل اور اختیارات کو بروئے کار لایا جارہا ہے، کسی بھی قسم کی گرانفروشی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے سبزی منڈی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے منڈی میں مختلف اجناس کی نیلامی کا بھی مشاہدہ کیا،اشیاء کے معیار کا معائنہ کیا۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ منڈی میں آنے والی تمام اجناس کا ریکارڈ اور ان کی نیلامی کا ریکارڈ روزانہ مرتب کریں اور روزانہ نرخ نامہ جاری کریں۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھی ہدایت کی کہ وہ بھی روزانہ اپنے اپنے حلقوں میں بازاروں کا معائنہ کریں اور گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، وہ خود بھی مختلف اوقات میں مختلف مقامات پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا معائنہ کرتے رہیں گے۔ بعد ازاں انہوں نے گندم خریداری مرکز کا بھی معائنہ کیا اور گندم کی خریداری کا جائزہ لیا۔