کرسمس پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مذاہب کے اکابرین اپنا کردار ادا کریں،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 22 دسمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مذاہب کے اکابرین اپنا کردار ادا کریں تاکہ کرسمس کا تہوار پر امن طریقے سے گزارا جا سکے۔ ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احمد نواز شاہ کے ہمراہ بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی مظفرگڑھ نے کہا کہ ضلع بھر میں کرسمس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔

سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے اور کرسمس تک 50 کرسچن خاندانوں کو مالی امداد دی جائے گی۔ ڈی سی نے بتایا کہ مظفرگڑھ شہر میں چرچ کے ساتھ ملحقہ بازار تین دن بند رکھا جائے گا تاکہ مسیحی کمیونٹی کے لوگ آسانی سے چرچ میں عبادت کریں۔

انہوں نے کہا کہ چرچ کے ساتھ ناجائز تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔

 

اجلاس میں ڈی سی مظفرگڑھ نے بتایا کہ انہوں نے ڈی پی او مظفرگڑھ احمد نواز شاہ کے ہمراہ رنگپور میں مسیحی برادری کے چرچ کا خود جائزہ لیا ہے اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ مسیحی برادری کی حفاظت اور سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اجلاس میں ڈی پی اومظفرگڑھ احمد نواز شاہ نے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کروائی۔ مینجر اوقاف سرکل مظفرگڑھ کاشف عباس و مسیحی برادری کے اکابرین اور تمام مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔\