مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 30 مئی2019ء) ملکی معیشت کو استحکام دینے کے لئے شعبہ زراعت پر توجہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے حکومت پنجاب کاشتکاروں کو کھاد اور بیج پر سبسڈی فراہم کررہی ہے او راس کے ساتھ ساتھ کاشتکاری کی جدید ٹیکنالوجی کو بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔یہ بات ڈائریکٹر زراعت ڈیرہ غازی خان عبدالغفور غفاری نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اشرف قریشی کے ہمراہ تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی میں کپاس کے کاشتکاروں سے ملاقات کے دوران کہی، انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کپاس کی بیج، فاسفورسی اور پوٹاش والی کھاد پر سبسڈی دے رہی ہے جس سے کاشتکار زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت کو ہدایت کی کہ کپاس کی کاشت کے اہداف کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور کاشتکاروں کو کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا جائے اوراس سلسلے میں فیلڈ سٹاف کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے، بعد ازاں ڈائریکٹر زراعت نے مختلف مواضعات میں کپاس کی کاشت فصل کا معائنہ کی۔