مظفر گڑھ میں زہریلے کھانے سے ہلاکتوں کا معمہ حل ہوگیا، ہلاک ہونے والے خاندان کی رشتہ دار خاتون نے آٹے میں زہریلی گولیاں ملائی تھیں،تفتیشی افسر

مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 3جون 2013ء ) مظفر گڑھ میں زہریلے کھانے سے ہلاکتوں کا معمہ حل ہوگیا۔پیر کوپولیس کے مطابق موت کا ذمہ دار اور کوئی نہیں بلکہ ہلاک شدگان کی قریبی رشتے دار ہے۔تھانہ بیٹ میرہزار کی پولیس نے جتوئی کی بستی جانگلہ میں کارروائی کرکے ملزمہ کو گرفتار کیا۔تفتیشی آفیسر عاشق حسین کے مطابق واردات میں ملوث شاہین بی بی کے حضور بخش سے روابط تھے اور اس کے کہنے پر ہی شاہین نے آٹے میں نشہ آور گولیاں ملائیں تاکہ حضور بخش سے ملاقات کر سکے۔لیکن گولیوں کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے تمام افراد کی موت واقع ہوگئی۔تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ نے اقرارِ جرم کرلیاہے اور جلد عدالت میں چالان پیش کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل جتوئی کی بستی جانگلہ میں زہریلا کھانا کھانے سے بچوں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔