مظفر گڑھ ، پولیس نے سوا دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات ٹریس کرلی،واردات میں ملوث گینگ کے 2 افراد گرفتار

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 نومبر2021ء) پولیس نے سوا دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات ٹریس کرلی،واردات میں ملوث گینگ کے 2 افراد کو گرفتار کرکے ان سے ڈکیتی کے دوران لوٹا گیا تقریباً 88 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور ڈکیتی کیا گیا ٹرک برآمد کرلیا۔

ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی سٹی عمران رشید اور ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی نے تھانہ صدر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا.ان کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ سے ایک فیملی کی جانب سے امپورٹڈ سامان اسلام آباد کے لیے بک کروایا گیا تھا،یکم اکتوبر 2021ء کو 6 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے چمن بائی پاس کے قریب امپورٹڈ سامان سے بھرے ٹرک کو لوٹ لیا،پولیس افسران کا کہنا تھا کہ لوٹے گئے سامان اور ٹرک کی قیمت تقریباً سوا 2 کروڑ روپے تھی،ڈی ایس پی سٹی عمران رشید اور ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی کا کہنا تھا واردات کے بعد ملزمان ٹرک ڈرائیور کو رسیوں سے باندھ کر اور سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگئے تھے،ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے علاقے کی جیوفینسنگ کرائی،مشکوک افراد کا موبائل ڈیٹا حاصل کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے 2 افراد شبیر احمد اور عمران عرف مانی کو گرفتار کرلیا گیا،ڈی ایس پی سٹی عمران رشید اور ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم شبیر احمد کی نشاندہی پر اسکے گھر سے 38 لاکھ روپے مالیت کا ڈکیتی شدہ سامان اور خانپور بگا شیر میں ریت کے ٹیلوں میں چھپا ہوا ڈکیتی شدہ ٹرک برآمد کرلیا گیا،جبکہ دوسرے ملزم عمران عرف مانی کی نشاندہی پر اسکے گھر سے 50 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا گیا.پولیس افسران کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد ہی دیگر ملزمان کی گرفتاری کے بعد لاکھوں روپے مالیت کا بقایا سامان اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا جائیگا.کروڑوں روپے مالیت کی ڈکیتی کی واردات ٹریس کرنے پر ڈی پی او مظفرگڑھ حسن اقبال نے ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی اور پولیس ٹیم کو شاباش دی اور انکے لیے نقد انعام اور سرٹیفیکیٹ کا اعلان کیا۔