مظفرگڑھ کے سیشن جج نے دو منشیات فروشوں کو ایک سال تک گلیاں اور نالیاں صاف کرنے کی سزا سنادی

مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 مئی2017ء) مظفرگڑھ کے سیشن جج نے دو منشیات فروشوں کو ایک سال تک گلیاں اور نالیاں صاف کرنے کی سزا سنادی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مظفر گڑھ کی سیشن عدالت میں دو منشیات فروشوں کے خلاف محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا گیاجس کے تحت دونوں مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کے بجائے انہیں شہر کی گلیاں اور نالیاں صاف کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔سیشن جج محمد فواد عارف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یہ سماجی فیصلہ سنایا ۔ اپنے فیصلے میں سیشن جج نے حکم دیا کہ دونوں مجرموں کو ٹی ایم او علی پور کے حوالے کیا جائے اور ہر مہینے کی رپورٹ سیشن جج میں جمع کرائی جائے۔عدالتی حکم کے مطابق شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھا کر باہر پھینکنا بھی ان کی ذمہ داری ہو گی اور پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ اگر یہ صفائی کیلئے نہ پہنچیں تو انہیں زبردستی موقع پر لے جا کر صفائی کروائی جائے۔