مظفرگڑھ پولیس کی کارروائی ، 24 گھنٹوں میں 4منشیات فروش گرفتار ، 1300 گرام چرس ، 118 لٹر شراب برآمد

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 اکتوبر2022ء) ڈی پی او مظفرگڑھ سید احمد نواز شاہ کی قیادت میں مظفرگڑھ پولیس نے 24 گھنٹوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 4ملزمان کو گرفتار کر کے 1300 گرام چرس اور 118 لٹر شراب برآمد کر لی ۔گزشتہ شب منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں ہزاروں روپے مالیت کی 1300 گرام چرس اور 118 لٹر شراب پکڑی گئی جبکہ طلباء و نوجوانوں کو آئس فراہم کرنے والے ڈیلروں اور منشیات فروشی کا دھندہ کرنیوالے 4ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ سید احمد نواز شاہ کا کہنا ہے کہ مظفرگڑھ پولیس منشیات و شراب فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جو ہماری نوجوان نسل کو تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی ساوتھ کی ہدایت پر جاری مہم میں عوام بہت معاون ثابت ہوئی ہے۔

شہریوں کی نشاندہی پر ہی مظفرگڑھ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف اتنے کامیاب آپریشن کرنے میں کامیاب ہوئی۔ آئندہ بھی عوام الناس کے ساتھ مل کر منشیات فروشوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کیلئے مظفرگڑھ پولیس ہمہ وقت کمر بستہ ہے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کر کے اطلاع دیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔\378