مظفرگڑھ ، ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری ،عوامی مسائل حل کے احکامات جاری

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تحصیل کمپلیکس مظفرگڑھ میں عوامی خدمت کھلی کچہری لگائی جہاں انہوں نے محکمہ ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر مرتضیٰ اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ مبین احسن بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔ کھلی کچہری میں فرد ملکیت کے اجراء، ڈومیسائل، رجسٹری، درستگی ریکارڈ، انتقالات کی منظوری سمیت دیگر ریونیو سے متعلقہ مسائل و شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد آنے والے سائلین کی مسائل کو ایک چھت نے نیچے اور ایک دن میں حل کرنا ہے تاکہ سائل کو دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے ایک سائل کے دوبارہ کھلی کچہر ی میں آنے پر متعلقہ پٹواری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پٹواری کو سائل سے متعلقہ ریونیو ریکارڈ سمیت اپنے دفتر طلب کرلیا اور اس کا مسئلہ فوری حل کرنے کے ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں بلاوجہ تعطل کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کھلی کچہری میں تحصیلدار اقبال عباسی سمیت محکمہ ریونیو ا ور اراضی ریکارڈ سنٹر کے افسران و عملہ بھی موجود تھا۔