آزادکشمیر میں پی ٹی آئی حکومت کاجلد خاتمہ ہونے والا ہے،محمودالحسن اعوان

مظفرآباد(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 جنوری2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیرکراچی ڈویژن کے صدرمحمودالحسن اعوان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی حکومت کاجلد خاتمہ ہونے والا ہے۔ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی اور عوام کو پی ٹی آئی حکومت سے جلد چھٹکارہ مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اس وقت تک پی ٹی آئی آزادکشمیر میں کوئی میگا پراجیکٹ لانچ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔

ریاست کے اندر کرپشن ،میرٹ کی پامالی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام پی ٹی آئی سے نالاں ہوچکے ہیں جس کاواضح ثبو ت حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مظفرآباد سمیت دیگراضلاع میں پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کی صورت میں ملا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمدیٰسین کی قیادت میں جلد پورے آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی اپنی حکومت قائم کرے گی اور پی ٹی آئی کا بوریا بسترگول ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ریکارڈ تعمیر وترقی کے کام کیے اور عوام کو روزگار کی فراہمی ،بلاسود قرضوں کے علاوہ تعلیم ،صحت اوردیگر شعبہ جات میں بے پناہ اصلاحات کیں ان شاء اللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی اور پیپلزپارٹٰ دوبا رہ حکومت بنا کر عوام کی محرومیوں کاازالہ کریگی۔