مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 01 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کی مطابق ہر ماہ باقاعدگی سے عوامی خدمت کھلی کچہری لگائی جارہی ہے جہاں ضلع کی عوام کے محکمہ ریونیو سے متعلقہ مسائل کو ایک جگہ پر حل کیا جاتا ہے۔ محکمہ ریونیو کا تمام سٹاف پٹواری سے لے کر اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کھلی کچہری میں موجود ہوتے ہیں اور سائل کا مسئلہ ایک دن میں حل کردیا جاتا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شاہ رخ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ عوامی خدمت کھلی کچہری سے نہ صرف عوامی مسائل کا فوری حل ہو رہے ہیں بلکہ محکمہ ریونیو کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں ریکارڈ کی درستگی، فرد ملکیت کے اجراء، انتقالات کے اندراج، رجسٹری،معائنہ ریکارڈ سمیت محکمہ ریونیو سے متعلق دیگر امور پر سائلین کے مسائل کو سنا اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت کوٹ ادو، علی پور اور جتوئی میں بھی اسسٹنٹ کمشنر صاحبان نے اپنی اپنی تحصیلوں میں کھلی کچہریاں لگائیں۔\378