مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 جنوری2019ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر ضیاء الحسن نے کہا کہ ڈاکٹر دکھی انسانیت کی خدمت کون اپنا شعار بنائیںاور غریب عوام کوعلاج معالجہ کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں، مریضوں کو فرنچائز اور باہر سے ادویات تجویز کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔یہ بات انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال علی پور ،چوک سرور شہید اور کوٹ ادو کے اچانک معائنہ کے موقع پر ڈاکٹروں سے ملاقات کرتے ہوئی کہی ۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ہسپتال میں آنے والے زیادہ تر مریضوں کا تعلق غریب اور پسماندہ علاقوں سے ہوتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں اور انکے لواحقین سے شفقت اور ہمدردی سے پیش آیا جائے۔انہوں نے کہا ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ادویات کی خریداری اور ترسیل کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیا جائیگا۔سی ای او نے میڈیکل سپرینڈنٹ فارماسسٹ ڈپٹی ڈی ای اوز کے ہمراہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز، ان ڈور، ایکسرے ،ڈینٹل یونٹس، آپریشن تھیٹرز،لیب اور ادویات سٹور کا تفصیلی معائنہ کیا ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا کہ ہسپتال کے تمام تشخیصی آلات مکمل طور پر صحیح ہونے چاہئیں بصورت دیگر کسی قسم کی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہو گی۔ انہوں نے ہسپتالوں کی صفائی کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جانے کے احکامات جاری کئے اس موقع پر انہوں نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور مریضوں سے ہسپتال میں ملنے والے سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔سی ای او ہیلتھ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید میں تاخیر سے آنے والے افسران اور ملازمین کا نوٹس لیتے ہوئے انکے خلاف تادیبی کارروائی کے احکامات بھی جاری کئے۔