مردم شماری کرنے والے فیلڈ سٹاف کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ ملک کی معاشی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کے لئے مردم شماری بنیادی ضرورت ہے، آبادی کے اعدادوشمار اور مکمل کوائف حاصل کرنا ایک نہایت ذمہ داری کا کام ہے، یہ بات انہوں نے 7ویں ڈیجیٹل مردم شماری کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران بھی اس سلسلے میں تربیت حاصل کریں اور اپنی اپنی تحصیلوں میں قائم تربیتی مراکز کا معائنہ بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کے ساتھ نادرا اور ایجوکیشن کے ملازمین مردم شماری کے فرائض سرانجام دیں۔اجلاس میں ادارہ شماریات سے محمد طاہر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی پہلی ڈیجیٹل خانہ مردم شماری کے لیے ٹیب فراہم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کی ساتویں مردم شماری کو پہلی بار ڈیجیٹل میں تبدیل کیا گیا ہے کاغذ کے بجائے ٹیب کے ذریعے خانہ و مردم شماری کا آن لائن ڈیٹا ریکارڈ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹیمیں یکم فروری سے 4 مارچ تک گھر گھر مردم شماری کریں گی۔انھوں نے کہا کہ مردم شماری کے لیے فیلڈ سٹاف کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔اجلاس میں پاک آرمی کے اعلیٰ افسران،ڈی سی کوٹ ادو محمد حسین رانا،ڈی پی او کوٹ ادو ملک تنویر احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر مرتضیٰ،محکمہ تعلیم کے افسران اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ای لائبریری فیصل سٹیڈیم میں قائم تربیتی مرکز کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔