ضلع بھر میں امن قائم رہا اور کسی جگہ سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 اگست2018ء) عید الاضحی کے دوران ضلع بھرمیں قیام امن کو یقینی بنانے اور دیہی وشہری علاقوں میں صفائی کے بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قیصر سلیم نے محکمہ پولیس ، میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور اہلکاران اور تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او مظفرگڑھ فیصل شہزاد کی سربراہی میں محکمہ پولیس کی جانب سے عید گاہوں ، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگرعید کے اجتماعات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے جس کی بدولت ضلع بھر میں امن قائم رہا اور کسی جگہ سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، میونسپل کمیٹیوں اور تحصیل انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ، صفائی کے سلسلے میں جہاں کہیں سے شکایات موصول ہوئی اس پر کاروائی کرتے ہوئے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا ، ڈپٹی کمشنر قیصر سلیم نے مزید کہا کہ بحیثیت ایک ذمہ دار شہر ی یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے گھروں کیساتھ ساتھ اپنے گلی محلوں کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں تاکہ کسی دوسرے شہری کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، تمام شہری اپنی گلی محلوں کی صفائی کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے عملے اور اہلکاروں سے ہر ممکن تعاون کریں اور شہر کی خوبصورتی کو بحال رکھیں۔