سرکاری سکول میں پلر گرنے سے 2 بچے جاں بحق

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی20 جنوری 2020ء ) سکول میں پلر گر جانے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے علی پور میں قائم سرکاری سکول میں پلر گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ علی پور کے سرکاری سکول میں پلر بچوں کے  جھولے کیلئے تعمیر کئے گئے تھے۔ واقعہ گورنمنٹ پرائمری سکول ملک آرائیں میں پیش آیا ۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا  ہے کہ واقعے میں 2 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 2 بچوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔  تاہم ابھی تک جاں بحق بچوں کے نام شیئر نہیں کئے گئے۔ واضح رہے جنوبی پنجاب سمیت پاکستان بھر کے زیادہ ترسرکاری سکولوں کی  حالت زار  انتہائی ناقص سمجھی جاتی ہے۔ اس سےقبل تھرپارکر میں سکول کی دیوار گر نے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے تھے ۔ضلع تھرپارکر تحصیل ننگرپارکر کے گاؤں بھورو ساند میں سکول کی دیوار اچانک گر گئی جس کے نیچے تین معصوم بچے  آ کر جاں بحق ہو گئے ، مرنے والے بچوں میں چھ سالہ امبرین،چھ سال کی مکیمہ اور اس کا بھائی چار سالہ بھائی علی  رضا شامل ہیں، بچے مدرسے سے قرآن پڑھ کر واپس آ رہے تھے تو واقعہ پیش آیا۔

ورثا کا کہنا ہے کہ کئی بار محکمہ تعلیم کے  افسران کو بتایا کہ دیوار خستہ ہے کسی بھی وقت گر سکتی ہے اس کی تعمیر کی جا ئے مگر انہوں نے کوئی توجہ نہ دی اور ان کی غفلت کی وجہ سے ہمارے بچوں کی زندگی چلی گئی اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہیں۔ اس سے قبل بہاولنگر میں سکول کی ناقص صورتحال پر بات کرنے سے دو اساتذہ کو معطل کر دیا گیا تھا ۔ جس پر روف کلاسرا سمیت تجزیہ کاروں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔