فیصل آباد (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 فروری2023ء) فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر مسز روبینہ امجد نے کہا کہ بلاشبہ دستکاری علوم ایک اہم اور بنیادی ضرورت کا حامل ہنر ہے جس پر اگر محنت کی جائے تو ہماری گھریلو خواتین باآسانی اپنے گھر میں بہترین روزگار کے باعزت مواقع پید ا کر سکتی ہیں۔ویمن بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک ترقی پذیر ملک ہے جس میں ہر شخص خواہ وہ مر د ہو یا عورت اسے محنت کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں ایسے ہزاروں افراد موجود ہیں جو اپنے گھر وں میں مصنوعات تیار کر کے بازاروں میں فروخت کرتے ہیں جس سے ان کے گھروں میں بیروزگاری کا مسئلہ نہ صرف ختم ہو گیا ہے بلکہ وہ اپنی مصنوعات کے باعث دوسروں کو بھی روزی مہیا کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ دستکاری سکولوں کی خدمات لائق صد تحسین ہیں اورانہیں امید ہے کہ یہ ادارے اور صنعت زار وغیرہ اسی طرح خدمت انسانیت اور فلاح خواتین کیلئے اپنی گرانقدر خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔