حکومت پنجاب سورج مکھی کی پیداوار میں اضافہ کے لئے فی ایکڑ 5000 روپے سبسڈی پر مہیا کر رہی ہے،زراعت آفیسرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 جنوری2020ء) زراعت آفیسر محمد طلحہ شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت تیلدار اجناس کی کاشت میں اضافہ کے منصوبے کے تحت حکومت پنجاب سورج مکھی کی پیداوار میں اضافہ کے لئے فی ایکڑ 5000 روپے سبسڈی پر مہیا کر رہی ہے اس کے علاوہ سورج مکھی کے نمائشی پلاٹ کاشت کرنے کے لئے 15000 روپے فی ایکڑ دئیے جائیں گے۔درخواست گزر ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے علاوہ 3 ایکڑ مزید سورج مکھی کاشت کرنے کا پابند بھی ہو گا۔یہ بات انہوں نے رنگپور میں کاشتکاروں کے تربیتی ورکشاپ میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت رنگپور میں نمائشی پلاٹوں کی کاشت کے لئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 فروری ہے،درخواست گزار زیادہ سے زیادہ 12 ایکڑ تک زمین کا مالک ہو۔ نیز ٹھیکے دار اور مزارع بھی بھی اس سکیم میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔کاشت کار حضرات مزید معلومات اور یہ فارم مفت حاصل کرنے کے لئے زراعت افسر رنگپور کے دفتر واقع مظفر گڑھ روڈ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔