جشن بہاراں میں مردوں،خواتین اور بچوں کی تفریح کےلئے علیحدہ علیحدہ پر وگرام ترتیب دیئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 مارچ2023ء) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کی عوام کو صحت مند اور خوشگوار تفریح کی فراہمی کیلئے اس سال بھی 2 روزہ میلہ جشن بہاراں اور کلچر ڈے شایان شان طریقہ سے منایا جائے گا۔میلے کی ثقافتی ریلی ڈی سی آفس سے فیاض پارک تک نکالی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی فیاض پارک میں باقاعدہ جشن بہاراں میلے کا افتتاح کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر جشن بہاراں کے موقع پر رنگا رنگ کے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔مرد و خواتین اور بچوں کی تفریح کیلئے علیحدہ علیحدہ پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں، جس میں پھولوں کو نمائش، ثقافتی پروگرام، میجک شو، ملی نغمے، ٹیبلو، میوزک شو، قوالی، مشاعرہ، کبڈی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے شامل منعقد ہونگے۔

لائیو سٹاک شو میں جانوروں کی نمائش کے ساتھ لائیو سٹاک کا خصوصی سٹال لگایا جائے گا۔

آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، صنعتی ادارے، سکولز، کالجز اور غیر سرکاری تنظیمیں اپنے اپنے پھولوں کے سٹالز لگائیں گے۔ علاقائی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلع بھر کی عوام کو صحت مند اور خوشگوار تفریح کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں کے میلہ کو مظفرگڑھ کی یاد گار تقریب بنایا جائے گا۔