زخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 مارچ2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیرعباس شیرازی نے کہا کہ بے جا اور بلاجواز جواز قیمتوں میں اضافہ کرنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں،ناجائزہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے، یہ بات انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے منڈی میں موجود اجناس کی قیمتوں کے ساتھ ان کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اجناس کے قیمتوں کی لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخ پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر معاملات میں شفافیت لائی جائے۔علاوہ ازاں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر اور میونسپل سٹاف کے ہمراہ اندرون شہر کے مختلف محلوں اور گلیوں کا صفائی ستھرائی کے حوالے سے دورہ کیا۔

انہوں نے گلیوں محلوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے دورے کے دوران گرلز کالج کے سامنے سیوریج کے کھڑے پانی کو دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا۔اور انہوں نے چیف آفیسر ایم سی حامد رضا کو سیوریج کے پانی کو فوری طور پر نکالنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔انھوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل کو فوری طور پر حل کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو برقرار رکھا جائے۔ 

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے معائنے کے دوران مریضوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز ڈیوٹی اوقات کار میں اپنی حاضری اور دلچسپی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دیں اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کو مفت فراہمی کو یقینی بنائیں۔ 

انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی عام شہریوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے صبح ساڑے 9بجے آسان رسائی کے تحت کھلی کچہری لگائی اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔