گڑھی دوپٹہ اور پٹہکہ میں دونئے قرنطینہ سنٹر قائم کر دئیے گئے

مظفرآباد۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 اپریل2020ء) وزیر ٹیوٹا وآئی ٹی اور آزادحکومت کے ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا ہے کہ گڑھی دوپٹہ اور پٹہکہ میں دونئے قرنطینہ سنٹر قائم کر دئیے گئے ہیں۔آزادکشمیر میں 2نئے کورونا کیس ڈڈیال سے رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔اب کل تعداد 48ہوگئی ہے ۔احساس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 66%خواتین کو ادائیگی کر دی گئی ہے ۔
دوسرا مرحلہ بھی شروع ہو چکا ہے جس میں مرد حضرات کو ادائیگی کی جارہی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں آج بھی 6اگست والی صورتحال ہے اس بُرے وقت میں بھی کشمیریوں کو ادویات تک میسر نہیں اقوام متحدہ اور عالمی برادری نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور ایل او سی پر جارحیت سے روکے اور بھارت کی طرح مقبوضہ وادی میں صحت کی سہولیات دینے پر مجبور کرئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں بریف دیتے ہوئے کیا ،وزیراعظم کے پریس سیکرٹری راجہ وسیم ،محکمہ تعلقات عامہ انفارمیشن آفیسر مرزا بشیر بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے مزید کہا کہ مظفرآباد کے واحد کورونا مریض خواجہ ثناء اللہ سے رابطہ میں آنے والے تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں ۔ہمیں کورونا مریض کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے انہوں نے کہا ڈڈیال کی مریضہ جس کا اب ٹیسٹ منفی ہو چکا ہے کی بہن اور والدہ میں کورونا پایا گیا ہے اس طرح آزادکشمیر میں کل تعداد 48ہوگئی ہے ۔راولاکوٹ لیب نے گزشتہ روز 18جبکہ ایمز میں 21مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ،دارالحکومت مظفرآباد سے بوجھ کم کرنے کیلئے اسماء اکیڈمی گڑھی دوپٹہ میں 20بستروں جبکہ پٹہکہ 17بیڈ کے قرنطینہ سنٹر قائم کر دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام میں دوسرا مرحلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ نئے ڈیٹا کے مطابق تیسرے مرحلے میں ادائیگیوں کا آغاز کرنے جارہے ہیں ،انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس بُرے وقت میں بھی باز نہیں آرہا ایل او سی پر آئے روز جارحیت کرتا ہے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو ادویات تک دستیاب نہیں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کشمیریوں کیلئے خصوصی دعا کروائی ہے انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔