مظفرگڑھ، بستی رحم والا میں بستر مرگ پر پڑے پراسرار بیماری کے شکار40کے قریب مرد و خواتین لاغر اور معذور،حکومت سے امداد کی اپیل
مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 مئی2020ء) مظفرگڑھ کی نواحی بستی رحم والا موضع جھنڈیوالی میں بستر مرگ پر پڑے پراسرار بیماری کا شکار 40کے قریب مرد و خواتین لاغر اور معذور افراد حکومت اور مخیر حضرات کی توجہ کے منتظر۔ تفصیل کے مطابق جھنڈیوالی کے باسیوں کو ایک عجیب اور پراسرار بیماری نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ھے 20 سال کی عمر کو پہنچنے پر یہ بیماری نوجوانوں کو اپنا شکار بنانا شروع کرتی ھے ان کے ہاتھ،پاوں اور ٹانگیں کمزور ھونا شروع ھو جاتے ھیں جسم کے تمام پٹھے کمزور ھونا شروع ھو جاتے ھیں اور بالآخر 30 سال کی عمر تک پہنچنے پر پٹھے مردہ ھو جاتے ھیں، جسم سوکھے پن کا شکار ھو جاتا ھے اور مریض اٹھنے بیٹھنے چلنے پھرنے سے معذور ھو کر بستر تک محدود ھو کر موت کا انتظار کرتا رہتا ھے۔معذوری کی وجہ سے یہ لوگ روزی کمانے کے قابل بھی نہیں رہتے۔ سابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے 2018 میں موضع جھنڈیوالی کا دورہ کیا تھا اور وھاں کے ایک معزور شخص کو سرکاری ملازمت بھی دی تھی اور ان کی ہدایت پر محکمہ صحت کی ٹیموں نے بھی بستی رحم والا موضع جھنڈیوالی کے دورے کئے تھے لیکن ان کے تبادلے کے بعد ان معذور لوگوں کا کوئی پرسان حال نہ ھوا۔ جھنڈیوالی کے رھائشی شازیہ،کریم بی بی،اسلم،اقبال اور دیگر معزور اور بے سہارا افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ھے کہ حکومت جس طرح کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کر رھی ھے اسی طرح انھیں بھی مالی امداد اور راشن فراھم کیا جائے۔