ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی ماہ جنوری کی کارکردگی رپورٹ جاری

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 فروری2023ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑھ ڈاکٹر حسین میاں نے گزشتہ ماہ (جنوری 2023) میں پیش آنیوالے حادثات کے بارے تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ ریسکیو 1122 مظفرگڑھ نے اپنا اوسط رسپانس ٹائیم برقرار رکھتے ہوئے 3534 ایمرجنسیز پر رسپانس کیا جن میں سے 580 روڈ ٹریفک حادثات، 2517 میڈیکل ایمرجنسیز، 23 فائر ایمرجنسز، 58کرائم، 01 سلنڈر کے پھٹنے اور 355 دیگر ایمرجنسیز شامل ہیں،ریسکیو 1122 نے ان تمام ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہوئے 3498 افراد کو ریسکیو کیا جن میں 929 افراد کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور 2482 افراد کو فرسٹ ایڈ دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 87 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے،انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر دیہات، بستیوں، بلند و بالا عمارات اور انڈسٹریز کی سطح پر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اور اس مقصد کے پیشِ نظر تربیت کی فراہمی کے لئے ٹیمز بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو قائم کی جانیوالی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز کے ممبران کو تربیت فراہم کریں گی۔

انکا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف آگاہی پیدا کرتے ہوئے حادثات میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ اس سے کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو گا۔انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوے کہا کہ ریسکیو 1122 جان بچانے والا ادارہ ہے جو بلا تفریق و بلا تاخیر لوگوں کو ایمرجنسی سہولت میسر کرتا ہے لہزا زمہ دار شہری کا ثبوت دیتے ہوئے ریسکیو ایمبولینسز کو فوری راستہ دیا کریں تاکہ بر وقت جائے حادثہ پر پہنچ کر ضرورت مند لوگوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔