تعمیرو ترقی کے منصوبوں پر استعمال ہونے والے مٹیریل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کمشنرڈیرہ

مظفر گڑھ۔15 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 15 فروری2018ء)کمشنر ڈی جی خان احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ تعمیرو ترقی کے منصوبوں پر استعمال ہونے والے مٹیریل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے پر نہ صرف پے منٹ روک لی جائے گی بلکہ ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ ڈی سی آفس میں لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام ضلع کی یونین کونسلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور اور چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ بھی ان کے ہمراہ تھے، کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ اداروں کی پہچان ان کے کام سے ہوتی ہے ، اپنے کام کو بہتر بنائیں تاکہ ادارے مضبوط ہوں عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار کے مٹیریل کا استعمال کو یقینی بنائیں اس میں سب کی عزت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ 28فروری تک تمام جاری منصوبوں کو مکمل کرلیا جائے انہوںنے کہا کہ ٹھیکیداروں کو 50فی صد پے منٹ کردی جائے تاکہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کونسل کے سب انجینئرز کے ہمراہ جاری منصوبوں کا معائنہ کریں اور جہاں کہیں بھی غیر معیاری کام اور غیر معیاری مٹیریل کی شکایت ہو تو ان کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے ، انہوں نے بتایا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہر میونسپل کمیٹی کو 40،40لاکھ روپے کے مزید منصوبے دئیے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے بتایا کہ ضلع کی 111یونین کونسلوں میں 145سکیموں پر کام جاری ہے جن میں سولنگ اور ٹف ٹائلوں کی سکیمیں شامل ہیں، ہر یونین کونسل میں 25،25 لاکھ روپے فراہم کیے گئے تھے، تمام سکیمیں 28فروری تک مکمل کرلی جائیں گی، چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلع بھر کی یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، متعلقہ افسران جاری منصوبوں کا معائنہ کرتے ہیںجہاں کہیںسے غیر معیاری کام اور غیر معیاری مٹیریل کے استعمال کی شکایت موصول ہوگی اس پر فوری کاروائی کی جائے گی۔