مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین ہمارے بھائی ہیں،مصیبت کی اس گھڑی میں انکی مدد کرنا وقت کا تقاضا ہے،ہم انھیں کسی صورت بھی بے یارو مددگار نہیں چھوڑ یں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی اور انجمن تاجران عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بحیثیت امت مسلمہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہری،تاجر اور مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کی مدد کریں،مالی امداد کے ساتھ ان کیلئے ضروریات کی حامل اشیائے خوردونوش،موسمی حالات کے پیش نظر معیاری کمبل،گرم لباس اور خشک راشن عطیہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی اور فلاحی کاموں کے لیے دی جانے والی تجاویز پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی صفائی،خوبصورتی اور سیوریج کے مسائل اولین ترجیح ہے جسے مل بیٹھ کر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ ہ وہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔اجلاس میں چیئر مین سول سوسائٹی ملک خیر محمد بدھ، انجمن تاجران سے سید امیر حسن، جاوید اختر ملک، شیخ عامر سلیم اور نذیر احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔