مظفرگڑھ ۔06جنوری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور سر کاری ہسپتالوں میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ضلع مظفرگڑھ میں صحت کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے جس سے عام لوگوں کو فائدہ حاصل ہو رہا ہی. انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی ری ویمپنگ کا کام جلد مکمل ہوجائے گا جس سے ضلع کے لوگوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے ہیلتھ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد مگسی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال مکول اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالو ں میں علاج معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری، ادویات کی مفت فراہمی، حاملہ دیہی خواتین کیلئے مفت ایمبولینس سروس، ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی مفت تشخیص، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی،موبائل ہیلتھ یونٹ کا قیام، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ز ہسپتالوں کی ری ویمپنگ، ڈاکٹر ز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ اور ہسپتالوں میں ان کی دستیابی حکومت پنجاب کے تاریخی اقدامات ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند اور تند رست عوام کسی بھی ملک کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے بنیادی حیثیت کے حامل ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت نے شعبہ صحت میں بہتری لانے کے لئے فراخدلی کے ساتھ فنڈز فراہم کئے ہیں۔انہو ں نے مزید کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرز او رپیرا میڈیکل سٹاف غریب عوام کا دکھ بانٹیں اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور ایمانداری و پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے افسران ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں،صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔