مظفرگڑھ۔26 ستمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 ستمبر2018ء) محلہ خورشید آباد مظفرگڑھ کے رہائشی اور سی پیک سٹون سپلائر محمد عارف نے کہا ہے کہ میرے گھر پر دوسری مرتبہ بم دھماکہ سے نہ صرف اہل خانہ بلکہ اہل محلہ میں بھی زبردست خوف و ہراس پایا جاتا ہے،مجھے نا معلوم شخص کی طرف سے دھمکی آمیز کالیں اور میسیج موصول ہوئے جن میں گیارہ لاکھ روپے کا تقاضا کیا گیا ہے،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ دھماکے کو سلنڈر پھٹنے کا کہہ کر رد کر دیا گیا،لیکن گزشتہ رات نا معلوم شخص نے ایک بار پھر میرے گھر بم پھینکا جوکہ خوش قسمتی سے نہ پھٹ سکا جس سے تمام اہل خانہ محفوظ رہے،سول ڈیفنس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر اسے ناکارہ بنا دیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا کسی بھی شخص سے نہ کوئی لین دین کا تنازعہ ہے اور نہ ہی کوئی دشمنی ہے،پولیس اس نا معلوم شخص کے بارے سائنسی خطوط پر کام کرکے اسے فوراً گرفتار کر ے اور اصل حقائق معلوم کر کے قرار واقعی سزا دے تاکہ اہل خانہ اور اہل محلہ میں پائی جانے والی تشویش ختم ہو سکے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ مجھے فوری طور پر سیکورٹی بھی فراہم کریں۔