مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 فروری2023ء) معاشرے میں جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور بیخ کنی کے لیے پولیس اور میڈیا کا مثبت تعاون ضروری ہے،چیلنجز کے باوجود ضلع سے جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح رہے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او رضا صفدر کاظمی نے ڈی پی او آفس میں مظفرگڑھ پریس کلب کے عہدیداران اور ممبرز سے تعارفی ملاقات میں کیا،ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ضلع مظفرگڑھ کا شمار پنجاب کے اہم اضلاع میں ہوتا ہے،ضلع میں امن و امان کا قیام یقینی بنانے کے لیے ہمہ قسمی وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی،ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دہشتگردی کی لہر کے پیش نظر مظفرگڑھ پولیس بھی مکمل طور پر الرٹ ہے،اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تھانوں کو ٹاسک دیدیا گیا ہے اور اس بات کی کوشش جارہی ہے کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔
اس موقع پر سنیئر صحافی رائے مراد علی کی جانب سے رجب طیب اردگان کالونی میں سکیورٹی کے مسائل کے حوالے سے نشاندہی کی جس پر ڈی پی او مظفرگڑھ رضا صفدر کاظمی نے معاملے کے حل کی یقین دہانی کروائی۔صدر مظفرگڑھ پریس کلب اے بی مجاہد کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے صحافی مظفرگڑھ پولیس سے تعاون کرتے رہیں گے،انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تھانوں میں کرپشن برداشت نہیں کی جا ئے گی اور شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائیگا،اس موقع پر جنرل سیکرٹری مظفرگڑھ پریس کلب اعظم خان بلوچ اور پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ بھی بھی موجود تھے۔