مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 اکتوبر2022ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ نمبرداری نظام کو فعال اور مضبوط بنایا جائے گا اور وقت سے ساتھ ساتھ اس میں مزید بہتری لائی جائے گی، سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ان کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا،یہ بات انہوں نے ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں نمبرداروں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کنونشن میں ضلع بھر میں تعینات نمبرداروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وراثتی انتقال میں نمبر دار کی تصدیق کو لازمی بنایا جارہا ہے اگر کسی پٹواری نے جعلی بیان جمع کرایا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تمام نمبرداروں کی رجسٹریشن کی جائے گی اور ان کو نمبرداری کا شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا۔
پولیس سمیت تمام محکموں کو پابند بنایا جائے گا کہ نمبردار کی نشاندہی پر مسائل کو حل فوری کیا جائے،ان کے اسلحہ لائسنس کی اجراء کیلئے محکمہ داخلہ کو سفارش کی جائے گی۔
یونین کونسلز کے سیکرٹری حضرات کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ نمبردار کی نشاندہی پر اموات اور پیدائش کی اندراج کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نمبرداروں کو زمین کی الاٹمنٹ کیلئے بورڈ آف ریونیو میں پالیسی بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے جلد ہی پالیسی مرتب ہوجائے گی جس کو فوری لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ضلع مظفرگڑھ میں نمبرداروں کی تقریباً750آسامیاں خالی ہیں۔
وہ افرادجن کے باپ دادا پہلے نمبردار رہ چکے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن کرائیں اس کے علاوہ دیگر دلچسپی رکھنے والے افراد جوشرائط پورا کرتے ہیں وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اب آپ لوگوں نے کارکردگی دکھانا ہے اور سرکاری واجبات کی وصولی کوپٹواری کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برادری، سیاسی وابستگی اور رشتہ داری سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہے اس میں آپ کی عزت بھی ہو گی اور نظام بھی مضبوط ہوگا۔
قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مرتضیٰ تنویر نے اپنے خطا ب میں کہا کہ حکومت نمبرداری نظام کو نہ صرف بحال کررہی ہے بلکہ اس کو فعال اور بااختیار بنانا چاہتی ہے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں اور ریونیو سے متعلقہ معاملات بالخصوص سرکاری واجبات کی وصولی میں لمبردار اپنا مثبت کردار ادا کریں اور حکومت کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں۔ کنونشن میں نمبرداروں نے اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا،جن کو ڈپٹی کمشنر نے حل کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔کنونشن میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ مبین احسن، تحصیلدار مظفرگڑھ مصطفی کھر، نائب تحصیلدار اقبا ل عباسی سمیت محکمہ ریونیو کے تمام افسران نے شرکت کی۔