مظفرگڑھ۔(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی 30 مارچ2022ء) مظفرگڑھ میں رمضان بازار فعال کر دیا گیا ہے،اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ جمیل حیدر شاہ نے انجمن تاجران مظفرگڑھ کے صدر سید امیر حسن شاہ اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ رمضان بازار کا دورہ کیا اور تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح مظفرگڑھ میں بھی رمضان بازار قائم کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور آج سے رمضان بازار کو فعال بھی کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مظفرگڑھ میں 2 رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں ایک مظفرگڑھ شہر میں اور دوسرا مظفرگڑھ کے قریبی گنجان آباد قصبے خانگڑھ میں۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی،سبزی،فروٹ،کریانہ اور دیگر اشیائے ضرورت کے سٹال قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں عوام کو سبسڈائزڈ نرخوں پر اشیائے خوردونوش/ اشیائے ضرورت فراہم کی جائیں گی۔