مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے فیاض پارک، اراضی ریکارڈسنٹر، تحصیل آفس اور جونیئر ماڈل ایلمنٹری سکول کا اچانک معائنہ کیا، انہوں نے فیاض پارک میں جاری کام کامعائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور اس کو عوام کی تفریح کیلئے کھول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تزین و آرائش کے کام میں معیاری مٹیریل استعمال کیا جائے، رات کے وقت نصب لائٹس کو روشن کیا جائے، جنگلوں اور درختوں کو فی الفور پینٹ کیا جائے، پارک کی صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں بہتر کیا جائے، پارک میں کسی قسم کی گندگی نظر نہیں آنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی ٹھیکیدار کے واجبات بقایا ہیں وہ اپنا بل دیں ان کی فوری ادائیگی کی جائے گی، تاہم کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پرسی او میونسپل کمیٹی عامر سلیم اور سیف اللہ بھی موجود تھے، اراضی ریکارڈ سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دور دراز سے آنے والے لوگوں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں۔ انہوں نے تحصیل آفس میں بروقت رجسٹریوں اور انتقالات کے اندراج پر سٹاف کو شاباش بھی دی۔اس موقع پر تحصیلدار صاحبزادہ ظفر مہاروی ان کے ہمراہ تھے۔ جونیئر ماڈل ایلیمنٹری سکول کے معائنہ کے دوران انہوں نے کہا کہ سکولوں میں نصب جھولوں کی پڑتال کی جائے، معیاری اور پائیدار جھولوں کو بچوں کیلئے کھول دیا جائے جبکہ کمزور اور خطرناک جھولوں کو اتار دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں کی پرانی اور بوسیدہ عمارتوں کی بھی پڑتال کی جائے،چھتوں کو معائنہ باقاعدگی سے کیا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں کی خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے اور ان کی حفاظت و نگہداشت کا معقول نظام بنایا جائے تاکہ یہ ایک تناور درخت بن سکیں، اس موقع پر سی ای او تعلیم مسعود ندیم اور ڈی او تعلیم ثمینہ بشر بھی موجود تھے۔