مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 نومبر2019ء) صوبائی سیکرٹری بہبود آبادی پنجاب حسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی آبادی کو کنٹرول کریں اور اس کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے اور منصوبہ بندی کی ترغیب دی جائے، یہ بات انہو ں نے مظفرگڑھ کے دورہ کے موقع پر ضلعی دفتر بہبود آبادی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کا دائرہ کار بڑھایا جائے، دور دراز کے دیہی علاقوں بالخصوص کچی آبادی کی عوام کو آگاہی دی جائے، موبائل سروس یونٹ کے کیمپ لگائے جائیں، کمیونٹی سیشن اور سیمینار کا انعقاد کیاجائے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی مہر خضر حیات نے بتایا کہ غیر سرکاری تنظیموں، محکمہ تعلیم، محکمہ سوشل ویلفیئر کے ساتھ ملکر خاندانی منصوبہ بندی کے دائرہ کارکو بڑھایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماہ اکتوبر کے مہینے میں ضلع بھر میں 21ہزار 205خاندانوں نے محکمہ بہبود آبادی کی خدمات سے فائدہ حاصل کیا ہے، صوبائی سیکرٹری نے مانع حل کی ادویات پر عمل کرنے والے افراد کے تناسب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں خاندانی منصوبہ بندی کی زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے اور ان کا اعتماد بحال کیا جائے اور ان کو خاندانی منصوبہ بندی کے مختلف طریقوں سے کی ترغیب دی جائے، بعد ازاں صوبائی سیکرٹری نے دفتر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔