مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول کرنے سے ہی اقتصادی ترقی ممکن ہے، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو دیہی علاقوں میں آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے بہبود آبادی کے افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں فیملی پلاننگ کے مراکز کی بھی مانیٹرنگ کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں آگاہی کیلئے محکمہ اوقاف کی خدمات اور تعاون بھی حاصل کیا جائے۔ اس موقع پر ضلعی آفیسر بہبود آبادی فرزانہ کوثر نے بتایا کہ ضلع میں 89مراکز عوام کو سہولیات اور آگاہی فراہم کررہے ہیں، اجلاس میں محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر، محکمہ صحت، اوقاف اور راہ نما کے آفسران کے علاوہ ملک خیر محمد بدھ ممبر نیشنل کونسل نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موضع دوآبہ میں پائلٹ پروجیکٹ قائم ہوگا اور تمام محکمہ جات اور شراکت دار اجتماعی طور پر بہبود آبادی کے پروگرام کو آزمائشی طورپر شروع کریں گے