مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 مارچ2023ء) غریب افراد میں مفت آٹے کی تقسیم حکومت کا ایک احسن اقدام ہے جس سے ضلع مظفرگڑھ کے 7لاکھ 24ہزار خاندان مستفید ہونگے جن کو 21لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کئے جائیں گے، یہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ آغا ظہیر عباس شیرازی نے مفت آٹا تقسیم کے سلسلے میں میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 40مفت آٹا تقسیم کے پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں 200سے زائد کاؤنٹر قائم ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر پوائنٹ پر نہ صرف سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے بلکہ میڈیکل کی سہولت کیلئے ریسکیو1122اور محکمہ صحت کا عملہ بھی تعینات ہے۔انہوں نے بتایا کہ مفت آٹے کی تقسیم کیلئے خود کار کمپیوٹرائزڈ نظام ہے جس میں کسی آفیسر یا اہلکارکو کوئی عمل دخل نہیں، شناختی کارڈ کی سکیننگ اور کیو آر کوڈکے مسائل کے حل کیلئے سپر یوزر رجسٹرڈ کئے گئے ہیں تاکہ متعلقہ مسائل کو موقع پر حل کیا جاسکے۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان کا کام کرتا ہے میڈیا کی نشاندہی پر مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔