مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 اکتوبر2022ء) مظفرگڑھ پولیس نے ضلع بھر میں 48 گھنٹوں کے دوران منشیات و شراب فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئےبھاری مقدار میں منشیات بر آمد کر کے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس ترجمان کےمطابق مظفرگڑھ پولیس نے منشیات فروشوں کےخلاف کریک ڈاون کے دوران 720 گرام چرس، 158لیٹر شراب اور 130گرام ہیروئن برآمد کر کے 11 منشیات فروشوں کو پابند سلاسل کر دیا ، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ سید احمد نواز شاہ نے کہا کہ مظفر گڑھ پولیس منشیات و شراب فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جو ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں جن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی کی ہدایت پر جاری مہم کے دوران شہریوں کی نشاندہی پر مظفرگڑھ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کیلئے مظفرگڑھ پولیس ہمہ وقت کمر بستہ ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کر کے اطلاع دیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔