پولیو کے مکمل خاتمہ کےلئے گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہو گا،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 اکتوبر2022ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو گراس روٹ لیول پرجاکر کام کرنا ہوگا، عوام کو آگاہی دینا ہوگی کہ 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔ یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کی بہاری کالونی کے نزدیک خانہ بدوش کی خیمہ بستی میں جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا اور ہر بچے کو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ اس موقع پر سی او صحت ڈاکٹر امیر بخش نے بتایا کہ 5 روزہ مہم 28 اکتوبر تک جاری رہے گی اور اس دوران 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے قطرے پلائے جائیں گے،محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی اور اس کے علاوہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ٹیمیں تعینات ہیں۔ قبل ازیں خیمہ بستی کی ایک بچی نے ربن کاٹ کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا،اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔