مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 اکتوبر2019ء) مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے پولیس تھانہ جتوئی نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کی پولیس کو چوری ،ڈکیتی اور قتل کے 70سے زائد مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جتوئی زاہد لغاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خطرناک اشتہاری ملزم ناصر عرف ناصری تھہیم کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ملزم ناصری تھہیم خطرناک اشتہاری گینگ کا سرغنہ تھا اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کی پولیس کو دہشتگردی، قتل ،ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے دوران پولیس اہلکاروں کوزخمی کرنے سمیت سنگین نوعیت کے 70سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔اس خطرناک اشتہاری ناصر عرف ناصری تھیم کے سر کی قیمت 10لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ اس موقع پر علاقہ کے معززین نے ایس ایچ او جتوئی زاہد خان لغاری کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔