ٹائیگر فورس کا رضا کار سرکاری آٹا ایجنسیوں کو بھجوارہا تھا، پولیس
مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 10 فروری2021ء) صوبہ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں فلور ملز سے سرکاری آٹا چوری کرنے میں ٹائیگر فورس کا اہلکار ملوث نکلا۔پولیس کے مطابق مظفرگڑھ میں پریس کلب چوک پر سرکاری آٹا چوری کرنے کا سلسلہ جاری تھا ،مبینہ طور پر ٹائیگر فورس کا رضا کار سرکاری آٹا ایجنسیوں کو بھجوارہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ فوٹیج بنانے اور صحافیوں کے پوچھنے پر ٹائیگر فورس کے رضا کار نے موبائل فون چھینے کی کوشش کی اور دھمکیاں دیں، اطلاع پر تھانہ سول لائن پولیس نے ٹائیگر فورس کے رضا کار کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ آٹے کی مبینہ چوری کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے، ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ٹائیگر فورس کے دوسرے ساتھی رضا کار کا کہنا ہے کہ سرکاری آٹا ایجنسی پر بھیجا جارہا تھا جو غیرقانونی ہے۔