مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 18 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب ترین نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ہفتہ وار تحصیل کمپلیکس میں خصوصی کاؤنٹر لگاکر آنے والے سائلین کے مسائل کو ایک دن میں حل کیا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے تحصیل کمپلیکس میں سائلین کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے بتایا کہ سائلین کوزیادہ مسئلہ ریونیو افسران سے رپورٹ کرنا ہو تا ہے جس کیلئے انہیں دفاتر کے کئی کئی چکر لگانے پڑتے ہیں، ہفتہ وار خصوصی کاؤنٹر لگانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ آنے والے سائلین کے مسائل کو ایک دن میں حل کیا جائے، اس طرح افسران کا بھی وقت بچتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے عوامی مسائل کے حل میں تعاون نہ کرنے پر نائب تحصیلدار ارشاد لاشاری کی خدمات کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان کو واپس کرنے اور قانونگو غلام مصطفی کے تبادلے کے احکامات جاری کئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب تحصیلدارصاحبزاہ ظفر مہاروی، تحصیلدار غلام مصطفی کھرسمیت نائب تحصیلدار اور محکمہ ریونیو کا عملہ موجود تھا۔