مظفر آباد (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 جولائی2020ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ قومی میڈیا کشمیر پر خصوصی ڈیسک قائم کرے،3 سالہ معصوم بچے کے سامنے اس کے نانا کو شہید کردیا گیا،عالمی برادری کی اس پر خاموشی افسوس ناک ہے۔ وزیر اعظم ازادکشمیرحریت رہنماء اشرف صحرائی کے بھتیجے کے گھر گئے، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے جنید صحرائی شہید کے درجات کی بلندی کیلیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کا المیہ بین الاقوامی توجہ کا متقاضی ہے،سیاسی لڑائی کو جتنا وقت اور کوریج دی جاتی ہے اس کا دس فیصد بھی کشمیر کو نہیں ملتی، بشیر احمد کے قتل کا واقعہ معمولی نہیں شام میں ایک بچے کے ڈوب کر مر جانے پر دنیا ہل گئی تھی، بشیر احمد کے قتل کے واقعے نے پھر دنیا کو جھنجوڑا ہے، مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ فیصلوں کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے، شہید بشیر احمد کی تصویر جس پر اسکا ننھا نواسہ بیٹھا ہے سے دنیا کو ہل جانا چاہیے تھا، دنیا کی بے حسی کشمیریوں کیلیے سوہان روح بن چکی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قومی میڈیا کو شہید بشیر احمد کی تصویر کو بریکنگ نیوز اور ہیڈ لائن میں رکھنا چاہیے تھا، قومی میڈیا کشمیر کے معاملے پر خصوصی ڈیسک بنائے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں وقت ضائع نہ کیا جائے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت ایک کے بعد ایک قدم اٹھا رہا ہے اسے روکنا اب ضروری ہے، کشمیر پر سفارتی انگیخت اب قومی ضرورت بن چکا ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ سیاسی ترجمانوں کی آپس کی دھینگا مشتی سے قوم تنگ آ چکی، قومی سطح پر تیز سفرتکاری کی ضرورت ہے۔