مظفرگڑھ ۔8مارچ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔08 مارچ ۔2021ء) :شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کےلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، غیر معیاری جوس تیار کرنے والا یونٹ سیل کردیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مظفرگڑھ کے نواحی قصبہ دائرہ دین پناہ میں جعلی فروٹ جوس بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ کے مطابق جوس فیکٹری فوڈ لائسنس کے بغیر خوراک کا کام کر رہی تھی، پانی کی تجزیاتی رپورٹ کی عدم دستیابی بھی پائی گئی، جوس پیکٹس پر مس پرنٹنگ بھی پائی گئی ۔
فوڈ اتھارٹی نے سارا سامان قبضہ میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا ۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ نے کہا ہے کہ خوراک کے کام میں جعلسازی کرنے والے معاشرے اور ملک کے دشمن ہیں ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کےلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنا مشن جاری رکھے گی۔