مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 اکتوبر2022ء) ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ ضلع کوٹ ادو کو انتظامی طور پر مکمل فعال کر دیا گیا ہے، تمام محکموں کے افسران اپنے اپنے متعلقہ دفاتر میں اپنے فرائض سر انجام دیں اور عوامی شکایات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ یہ بات انہوں نے ضلع کوٹ ادو میں ضلعی محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بنانے کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کے قریب ہو کر حل کرنا ہے، تمام محکموں کے افسران ہفتے کے دو دن ضلع کوٹ ادو میں اپنے فرائض سر انجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو کے آفس میں عوامی مسائل بھی سنے اور ان کو فوری حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کا بھی وزٹ کیا۔ واضح رہے کہ تمام تحصیل دفاتر کو ضلعی دفاتر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔